اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسماعیل رضوان نے امریکی وزیر خارجہ کے بیان پر شدید افسوس کا اظہار کیا کہ انہوں نے حماس کا موازنہ داعش اور جبھۃ النصرہ جیسے دہشتگرد گروہوں سے کیا ہے۔ اسماعیل رضوان نے کہا ہے کہ امریکہ کے ان ہی مواقف کی وجہ سے کہا جاتا ہےکہ امریکہ صیہونی حکومت کا حامی اور جانبدرانہ رویے کا حامل اور فلسطینی استقامت کا دشمن ہے۔ حماس کے اس رہنما نے کہاکہ تحریک حماس علاقے کی راے عامہ کو فریب دینے والی ہرزہ سرائي کو نظر انداز کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ استقامت ناقابل شکست ہے اور فلسطین کی قومی تحریک کی حیثیت سے باقی رہے گي۔ حماس کے رہنما اسماعیل رضوان نے کہا کہ بعض عرب ممالک ملت فلسطین کی نابودی کی غرض سے صیہونی حکومت کی سازشوں میں اس کاساتھ دے رہے ہیں اور آزاد ضمیر انسان صیہونی حکومت اور بعض عرب ملکوں کے اتحاد کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ واضح رہے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے حال ہی میں واشنگٹن کے بروکینگز انسٹی ٹیوٹ میں تقریر کرتے ہوئے تحریک حماس کے خلاف بہت سی باتیں کی تھیں اور کہا تھا کہ بعض عرب حکومتیں حماس اور دیگر فلسطینی گروہوں کے خلاف اسرائيل کے ساتھ اتحاد کرنے کو تیار ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169